منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

کپوارہ تصادم کے 3 زخمی فوجیوں کے دم توڑ جانے کی خبریں بے بنیاد: فوج

سری نگر، 6 اپریل : فوج نے اُن میڈیا رپورٹوں کو مسترد کیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں گذشتہ روز جنگجوئوں کے ساتھ تصادم میں زخمی ہونے والے مزید تین فوجی اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔
ایک فوجی عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا: ‘کپوارہ تصادم میں ہمارے آٹھ نہیں پانچ جوان شہید ہوئے ہیں۔ ہمارا کوئی فوجی جوان شدید طور پر زخمی نہیں ہوا ہے۔ مزید تین زخمی فوجیوں کے انتقال کرجانے کی خبریں بے بنیاد ہیں’۔
تاہم اتوار کو جو پانچ فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے ان میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) بھی شامل ہے۔ کئی دنوں کے تلاشی آپریشن کے بعد ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو چھڑنے والے اس تصادم میں اتوار کو پانچ جنگجو مارے گئے۔
مہلوک فوجیوں کی شناخت صوبیدار سنجیو کمار ساکنہ ہماچل پردیش، حوالدار دیویندرا سنگھ ساکنہ اترا کھند، سپاہی بال کرشن ساکنہ ہماچل پردیش، سپاہی امت کمار ساکنہ اترا کھنڈ اور سپاہی چھترا پال سنگھ ساکنہ راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔
قبل ازیں ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ اتوار کو ایک فوجی کی تصادم کے مقام پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ ایک جے سی او سمیت سات فوجیوں کو شدید زخمی حالت میں فوجی ہسپتال لایا گیا جہاں اتوار کو چار اور پیر کو مزید تین فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img