سری نگر، 2 اپریل (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارکی پورہ فتح پورہ میں جمعرات کی شام دیر گئے نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک مقامی شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
یہ جنوبی کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں ضلع کولگام کے دور افتادہ نادی گام دمحال ہانجی پورہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے دو مقامی افراد کو ہلاک کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے جمعرات کی شام دیر گئے لارکی پورہ فتح پورہ میں محمد سلیم ڈار ولد محمد عبداللہ ڈار نامی شہری پر گولیاں چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ زخمی محمد سلیم کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے اس ہلاکت کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ پولیس نے اس واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔




