بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

پلوامہ میں تصادم، 3 جنگجو جاں بحق،اننت ناگ میں آمنا سامنا،سوپور میں تلاشی

ایشین میل نیوز ڈیسک

پلوامہ،اننت ناگ،سوپور :::جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنزگام میں ہفتہ کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں تین جنگجو جاں بحق ہوئے۔ادھرضلع اننت ناگ کے دہرونہ نامی گاؤں میں ہفتہ کی صبح جنگجووں اور فوج و فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس دوران شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں بھی ایک جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے پنزگام میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں 3 جنگجو جاں بحق ہو گئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تصادم کی جگہ سے تین جنگجووں کی لاشیں برآمد کرکے ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب ضلع اننت ناگ کے دہرونہ نامی گاوں میں ہفتہ کی صبح جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہرونہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے اور جنگجووں کے فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے گئے ہیں۔ تاہم ایک رپورٹ کے مطابق جنگجو علاقہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اس دوران فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘پنزگام پلوامہ میں دو جنگجو مارے گئے۔ جنگجووں کی لیڈرشپ ہمارا بنیادی ہدف’۔انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

اس کے علاوہ ریلوے حکام نے سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی ریل سروس کو معطل کردیا ہے۔ یہ سروس جمعہ کو مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر وادی بھر میں بند تھی۔

یاد رہے کہ پلوامہ اور شوپیان میں گذشتہ دنوں دو خونین معرکہ آرائیوں کے دوران پانچ جنگجو ،دو عام شہری اور دو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے ۔دریں اثنا شمالی قصبہ سوپور میں بھی تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ہتھ لنگو سوپور نامی گائوں میں میں فوج کی 22 آر آر ،جموں وکشمیر پولیس کے ملی ٹنسی مخالف سکارڈ سپیشل آپریشن گروپاور مرکزی پولیس فورس نے محاصرہ کرکے گھرگھر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔قصبے میں انٹر نیٹ خدمات منقطع کردی گئیں ۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img