سری نگر، سری نگر میں حکام نے پرانے شہر کے کرالہ کھڈ علاقے میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ ڈالا جہاں سرکاری فیئر پرائس سٹور پر فروخت کئے جانے والے چاولوں کو از سر نو پیک فروخت کرنے کے لئے رکھا گیا تھا۔ بھاری مقدار میں اس چاول کو ضبط کیا گیا۔ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد چھاپے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایگزیکٹیو مجسٹریٹ ایم اے شاہ نے تلاشی کی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد متعلقہ مقام پر چھاپہ ڈالا اور بڑی تعداد میں چاول کی بوریاں ضبط کیں۔ قصورواروں کو گرفتار کیا گیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جنہوں نے غیر قانونی طور چلائے جارہے کاروبار اور ضلع میں ناجائز منافع خوری اور غذائی اجناس میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے، نے کہا ہے کہ قصورواروں کو قرارواقعی سز ا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی کام میں کسی سرکاری اہلکارکے ملوث ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اگر ایسا پایا گیا تو ان کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔





