، کشمیر میں تمام سیاسی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ
سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی یونٹ نے منگل کے روز سری نگر کے تاریخی لالچوک میں واقع پریس کالونی میں ریاست کے سیاسی کارکنوں کی سیکورٹی واپس لینے کے خلاف احتجاج کیا۔
سری نگر کے قلب تاریخی لالچوک میں واقع پریس کالونی میں منگل کے روز بی جے پی کے درجنوں کارکنوں نے پارٹی کے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول کی سربراہی میں جمع ہوکر سیاسی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
بتادیں کہ بی جے پی نے یہ احتجاج ہفتہ کی شام کو اننت ناگ میں بی جے پی کے ایک لیڈر اٹل گل محمد میر کی مشتبہ جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت کے دو روز بعد درج کیا ہے۔ احتجاجی نعرہ بازی کررہے تھے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر یہ تحریریں درج تھیں: ‘کشمیر میں بی جے پی کے کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔ کشمیر میں تمام سیاسی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے’۔
پینسٹھ سالہ گل محمد میر کو ہفتہ کی رات مشتبہ جنگجوئوں نے نوگام ویری ناگ میں اپنے گھر میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔ گل میر بی جے پی کے نائب صدر ضلع اننت ناگ تھے اور اپنے علاقے میں مبینہ طور پر ‘اٹل گل محمد’ کے لقب سے جانے جاتے تھے۔