جموں، جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز مسلسل پانچویں روز بھی ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں سرحد کے اس پار ایک بی ایس ایف اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان افواج نے پیر کو سہ پہر قریب دو بجکر 45 منٹ پر ضلع پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج اور سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر فائرنگ کی اور مارٹر گولے داغے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری فوج پاکستان کی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کرشنا گاٹھی سیکٹر میں ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوگیا ہے جسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو ایل او سی کے کرشنا گاٹھی اور کیری سیکٹروں میں پاکستانی فائرنگ سے ایک فوجی افسر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا مینڈھر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ مقامی لوگ بار بار کی سرحدی شلنگ سے تنگ آچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا ‘فائرنگ کے دوران ہم لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ ہماری مشکلات کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔ ہماری حکومت سے مطالبہ ہے کہ بات چیت کی جائے۔ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ ہم لوگوں کو بلاوجہ بار بار پریشانی کا سامنا ہو’۔