سری نگر،حساس ترین جنوبی کشمیر میں پیر کے روز اننت ناگ پارلیمانی نشست کے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے بیچ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر پولنگ والے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران ایسے علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کلی طور پر معطل رہی۔
تاہم پولنگ والے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر حکومتی احکامات پر بند رہے۔
اطلاعات کے مطابق پولنگ والے دونوں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کلی طور پر منقطع رہیں جبکہ سری نگر اور بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی ریل خدمات مسلسل چوتھے روز بھی معطل رہیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جنوبی کشمیر میں کہیں کوئی پابندیاں عائد نہیں رہیں تاہم پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے فورسز کی معقول نفری تعینات رہی۔
انہوں نے بتایا ‘اگرچہ پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں عام شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر کوئی پابندیاں عائد نہیں ہیں تاہم تمام حساس علاقوں میں فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے’۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں اضلاع میں سبھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔