پیر, جنوری ۲۰, ۲۰۲۵
10.1 C
Srinagar

کشمیری عوام ووٹ ڈالنے کی عادت ڈالیں: گورنر ستیہ پال ملک

سری نگر،جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہ وادی کشمیر میں لوگوں کو ووٹ ڈالنے اور سرکاریں بنانے بدلنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں ووٹ ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
گورنر موصوف نے یہ باتیں پیر کی صبح یہاں سول سکریٹریٹ میں ششماہی دربار مو دفاتر کھلنے کے موقع پر منعقدہ نیوز کانفرنس کے دوران وادی میں رواں پارلیمانی انتخابات میں لوگوں کی عدم دلچسپی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا ‘میں اپیل کروں گا کہ سیاسی جماعتوں اور ہم لوگوں تک پہنچیں۔ لوگوں کو یہ سمجھائیں کہ آخر میں ووٹ ہی آپ کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ بندھ اور گولی سے کچھ نہیں ہوگا۔ لہٰذا ووٹ ڈالنے کی عادت ڈالیں۔ سرکاریں بنانے بدلنے کی عادت ڈالیں’۔
انہوں نے انتخابات کے دوران پیش آئے پتھرائو اور دیگر تشدد کے واقعات پر کہا ‘اس کے باوجود لوگ ووٹ دینے نکل رہے ہیں۔ ووٹ پڑ رہے ہیں’۔
گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کرانا ان کے حد اختیار میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو لینا ہے۔
ان کا کہنا تھا ‘اسمبلی انتخابات کرانا میرے حد اختیار میں نہیں ہے۔ وہ تو الیکشن کمیشن طے کرے گا’۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اطلاعات ہیں کہ گورنر انتظامیہ ریاست میں فوری اسمبلی انتخابات کے حق میں نہیں ہے، گورنر کا جواب تھا ‘اول تو گورنمنٹ کی رپورٹ خفیہ ہوتی ہے اس لئے میں اس پر بحث نہیں کروں گا۔ دوسرا انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ تو الیکشن کمیشن کو لینا ہے۔ جب وہ چاہیں گے تو کریں گے’۔
گورنر موصوف نے معمول کے برخلاف نیوز کانفرنس کا آغاز نامہ نگاروں کے سوالات لینے سے کیا۔
ان کا ڈائریکٹ سوالات لینے پر کہنا تھا ‘دربار سری نگر منتقل ہوگیا ہے۔ اس کی بدولت ہم اور آپ نزدیک آگئے ہیں۔ ملنا جلنا رہے گا۔ چونکہ آج الیکشن چل رہے ہیں۔ لہٰذا زیادہ بولنے کا موقع نہیں ہے۔ میں چاہوں گا کہ اگر آپ کے اذہان میں سوالات ہیں تو آپ وہ سامنے رکھیں اور میں ان کا جواب دے دوں گا’۔
گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ان کا فون چوبیسوں گھنٹے کھلا رہتا ہے اور وہ وٹس ایپ مسیجز پر بھی درکار کاروائی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ‘میرا فون چوبیسوں گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ میں وٹس ایپ مسیج پر بھی ٹرانسفارمر دلواتا ہوں۔ مجھے گزشتہ سرما کے دوران سری نگر سے بجلی کی کوئی شکایت نہیں ملی۔ گزشتہ سرما میں بجلی سپلائی کی صورتحال بہتر رہی’۔
وادی میں سڑکیں کی انتہائی ابتر حالت پر پوچھے جانے پر گورنر کا کہنا تھا ‘سردیوں میں سڑکیں خراب ہوجاتی ہیں، اب یہ سڑکیں بھی ٹھیک کی جائیں گی۔ ہم کام شروع کررہے ہیں’۔
گورنر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سات ماہ کے دوران اتنا کام کیا جتنوں برسوں میں نہیں ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا ‘جتنا ڈیولپمنٹ گذشتہ سات مہینوں میں ہوا ہے، آپ کا اس کا احاطہ کریں گے تو اتنا برسوں میں نہیں ہوا ہے۔ ہم نے 52 کالج دیے ہیں۔ ہم نے آٹھویں جماعت تک کے پونے تین سو اسکول جو گذشتہ تیس سال سے پڑے تھے ان کو ہم نے اپگریڈ کیا ہے۔ پیسوں کی کمی کی وجہ سے جتنے بھی پروجیکٹس رکے پڑے تھے قریب ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے ان میں لگائے۔ رام باغ جہانگیر چوک فلائی اوور اسی ماہ مکمل ہوجائے گا’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img