بی جے پی لیڈر گل محمد کی سیکورٹی واپس نہیں لی گئی تھی: گورنر ستیہ پال ملک

بی جے پی لیڈر گل محمد کی سیکورٹی واپس نہیں لی گئی تھی: گورنر ستیہ پال ملک

سری نگر:،جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے دعویٰ کیا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مقتول بی جے پی لیڈر گل محمد میر کی سیکورٹی واپس نہیں لی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مقتول گل محمد سیکورٹی کی فراہمی کے لئے درکار ‘زمرے’ میں نہیں آتے تھے۔

اس کے برعکس مقتول لیڈر کے بیٹے ظہور احمد میر کا کہنا ہے کہ ‘سیکورٹی تھرٹ کے باوجود ان کے والد کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ انہیں دو ذاتی محافظین فراہم کئے گئے تھے جو دو ماہ قبل واپس لئے گئے

واضح رہے کہ پینسٹ سالہ گل محمد میر کو ہفتہ کی رات مشتبہ جنگجوئوں نے نوگام ویری ناگ میں اپنے گھر میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ گل میر بی جے پی کے نائب صدر ضلع اننت ناگ تھے اور اپنے علاقے میں مبینہ طور پر ‘اٹل گل محمد’ کے لقب سے جانے جاتے تھے۔

گورنر نے کہا کہ انتخابات میں خلل ڈالنے میں ناکامی کے بعد ملی ٹینٹ اب سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کا مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم اس بات کا پتہ لگائیں گے کہ حالیہ ہلاکتوں میں سیکورٹی کی واپسی کا کوئی کردار ہے یا نہیں۔

گورنر ستیہ پال ملک نے پیر کی صبح یہاں سول سکریٹریٹ میں ششماہی دربار مو دفاتر کھلنے کے موقع پر نامہ نگاروں کو بی جے پی لیڈر گل محمد کی ہلاکت پر کہا ‘گل محمد سیکورٹی کی فراہمی کے لئے درکار زمرے میں نہیں آتے تھے۔ مجھے ان کے انتقال پر افسوس ہے۔ وہ بہت اچھے اور پرانے سیاسی کارکن تھے۔ ان کی بہت عزت تھی۔ ان کے یا کسی کے بھی مارے جانے پر بہت افسوس ہوتا ہے۔ پچھلے دنوں میں اور بھی کچھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ وہ بہت افسوسناک ہے’۔

انہوں نے کہا ‘لیکن اس ہلاکت کو سیکورٹی کی واپسی سے جوڑنا بالکل غلط ہے۔ ان کو کبھی بھی سیکورٹی کی فراہمی کے لئے درکار زمرے میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ نہ ان کی سیکورٹی واپس لی گئی تھی۔ ایسی کوئی چیز نہیں ہے۔ یہ سب پھیلایا جارہا ہے۔ اس لئے میں نے چیف سکریٹری کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگائیں کہ ان ہلاکتوں میں سیکورٹی کی واپسی کا کوئی کردار ہے یا نہیں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.