اننت ناگ ،بجبہاڑہ ،:جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور بجبہارہ قصبہ جات اور ان کے ملحقہ علاقوں میں جمعہ کو دوسرے روز بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات متاثر رہے۔
بجبہارہ میں گذشتہ روز فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی کے دوران دو مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ جنگجوئوں کے ماتم میں آج بھی اننت ناگ اور بجبہارہ میں دکان اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چلا۔
حکام نے دونوں قصبہ جات کے حساس علاقوں میں فورسز اور پولیس اہلکاروں کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔
حزب المجاہدین کے دو جنگجو صفدر امین بٹ ساکنہ بجبہارہ اور برہان احمد گنائی ساکنہ کولگام حال ،کے پی روڑ اننت ناگ بجبہارہ کے باگندر محلے میں جاں بحق ہوئے تھے۔