بھوپال : مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کو کل چھندواڑا کے امریٹھ میں جلسے کےلئے ہیلی کاپٹر سے پرواز بھرنے کی اجازت نہیں دینے کے معاملے میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وفد نے انتخابی کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
مسٹر چوہان نے یہاں واقع چیف الیکشن افسر دفتر سے باہر نکلنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ بی جےپی وفد چھندواڑا کلیکٹر کے خلاف شکایت لے کر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھندواڑا میں انہیں کل تشہیر کےلئے پراسیا کے امریٹھ میں ساڑھے پانچ بجے پہنچ کر جلسہ کرنا تھا۔بی جے پی نے اس کےلئے ضلع انتظامیہ سے چھ بجے تک جلسے کے بعد ہیلی کاپٹر سے پرواز بھرنے کےلئے اجازت مانگی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ پہلے کلیکٹر نے ٹال مٹول کی اور بعد میں ضابطوں کا حوالہ دے کر کہا کہ پانچ بجے سے پہلے ہیلی کاپٹر کو پروازبھرنی ہوگی اور اس کے بعد اجازت نہیں دی جائےگی۔اسی دوران دعوی کیا کہ بی جےپی نے کلیکٹر سے کئی بار اپیل کی کہ دوسری ریاستوں میں بھی چھ بجے کے بعد پرواز سے متعلق اجازت دی جاتی ہے،لیکن کلیکٹر نہیں مانے۔
مسٹر چوہان نے چھندواڑا کلیکٹر پرسازش کے تحت ان کا جلسہ نہ ہونے دینے کا الزام بھی لگایا۔
اس سے پہلے کل ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اجازت نہ دیئےجانے کے بعد بھی مسٹر چوہان نے جلسے کے دوران کلیکٹر پر ایک تبصرہ کیاتھا،اس سلسلے میں بھی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔
یواین آئی۔