اننت ناگ: تین مرحلوں پر محیط اننت ناگ پارلیمانی نشست کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں منگل کو موبائیل انٹرنیٹ خدمات جزوی یا کلی طور پر منقطع رکھی گئیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے تحت آنے والے جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کہیں کلی تو کہیں جزوی طور پر منقطع رکھی گئیں۔
تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی براڈ بینڈ خدمات معطلی سے مستثنیٰ رکھی گئیں۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کے حساس ترین علاقہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع پر مشتمل اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے تین مرحلوں میں ہونے والی پولنگ کے پہلے مرحلے میں منگل کو ضلع اننت ناگ کے چھ اسمبلی حلقوں بشمول اننت ناگ، ڈورو، کوکر ناگ، شانگس، بجبہاڑہ اور پہلگام میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ‘موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی یا رفتار کم کرنے کا قدم امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اٹھایا گیا’۔
وادی میں مواصلاتی خدمات کے صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی اب وادی کشمیر میں روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق وادی میں 2012 ء سے اب تک کم از کم 66 مرتبہ انٹرنیٹ خدمات معطل کی جاچکی ہیں۔ بعض اوقات یہ خدمات مہینوں تک منقطع رکھی گئیں۔
وادی میں سیکورٹی اداروں کا ماننا رہا ہے کہ واد ی میں پاکستان نوجوانوں کو احتجاج پر اکسانے کے لئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں کا بڑے پیمانے پر استعمال کررہا ہے۔