اننت ناگ، وادی کشمیر کے حساس ترین علاقہ جنوبی کشمیر بالخصوص ضلع اننت ناگ کو پولنگ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد میں تعیناتی سے فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
جنوبی کشمیر کی اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے تین مرحلوں پر محیط انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ منگل کو صبح 7 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہوگی۔
پہلے مرحلے میں ضلع اننت ناگ میں پولنگ ہوگی جو اننت ناگ، ڈورو، کوکر ناگ، شانگس، بجبہاڑہ اور پہلگام اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔
اننت ناگ رواں پارلیمانی انتخابات میں ملک کا واحد ایسا حلقہ ہے جس میں تین مرحلوں میں ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ جنوبی کشمیر کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے لیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع اننت ناگ جہاں منگل کے روز عام انتخابات کے تیسرے مگر اننت ناگ پارلیمانی نشست کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جانے ہیں، سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پولنگ کے دوران تشدد کے خدشے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی 170 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔