کپوارہ /عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت کا ارادہ کرنے والے چار نوجوانوں کو کپواڑہ پولیس نے گرفتار کرکے کونسلنگ کے بعد والدین کے سپرد کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق کپواڑہ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع کے چار نوجوان عسکریت پسند صفوں میں شامل ہونے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ چنانچہ اطلاع ملتے ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوںنے ان چاروں نوجوانوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدگان نے بتایا کہ اُنہیں جنگجو تنظیم میں شامل ہونے کیلئے اُکسایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی ماہ سے اُنہیں ملی ٹینٹ بننے کیلئے دباو ڈالا جا رہا تھا۔ پولیس بیان کے مطابق پاکستان میں بیٹھے عسکریت پسند سماجی رابط سائٹوں پر وادی کے نوجوانوں کو عسکریت پسند بننے کیلئے اُکسا رہے ہیں ۔ پولیس کے مطابق ذی عزت شہریوں اور والدین کے تعاون سے مذکورہ نوجوانوں کی کونسلنگ کی گئی جس کے بعد اُنہیں والدین کے سپرد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دفعہ پھر پاکستان کے منصوبوں کو ناکام بنادیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر پینی نظر بنائی رکھی ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو تشدد کی اور مائل کرنے کی خاطر چلائی جارہی مہم کا توڑ کرنے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔