جمعرات, جولائی ۳, ۲۰۲۵
31.6 C
Srinagar

سیاحوں کی آمد میں کمی بہت بڑا مسئلہ : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سرینگر//جھیل ڈل کے ہائوس بوٹ طبقے نے کشمیر میں سیاحت کو زندہ رکھا ہے لیکن آج خالی ہائوس بوٹ دیکھ کر مجھے بہت مایوسی ہورہی ہے، ہائوس بوٹ جھیل ڈل کی شان ہے اور جھیل ڈل جموںوکشمیر کی شان ہے، میں ملک کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر آئیں،یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں اور ہائوس بوٹ والوں کی مہمان نوازی بھی دیکھیں۔ امسال یہاں بہت اچھی برفباری ہوئی ہے، گلمرگ میں بہت برف ہے، پہلگام بھی انتہائی خوبصورت ہے اور سونہ مرگ کا راستہ کھلنے والا ہے، وہاں بھی کافی برف ہے۔ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتخابی مہم کے دوران جھیل ڈل میں شکارا ریلی کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران شمی اوبرائے، ریاستی خواتین ونگ شمیمہ فردوس، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، یوتھ صوبائی صدر سلمان علی ساگر، نائب صدرِ صوبہ مشتاق احمد گورو اور خواتین صوبہ صدر انجینئر صبیہ قادری کے علاوہ کئی عہدیداران شامل تھے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’میں ملک کے عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ کشمیر آئیں، یہاں کے حالات بالکل ٹھیک ہیں، یہاں کبھی کسی سیاح کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی کبھی چھیڑ چھاڑ کی گئی، دیگر ریاستوں میں آپ رات کو نہیں چل سکتے ہیں لیکن یہاں آپ کیساتھ رات کے 2بجے بھی بنا کسی ڈر کے چلے سکتے ہیں‘‘۔گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ سیاحوں کی آمد کیلئے ٹھو س اقدامات اُٹھانے پر زور دینے کے علاوہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے منہ بند کریں جو لوگوں کو کشمیر نہ جانے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ اور وزیر اعظم کو بھی کشمیر میں سیاحت کے بڑھائوے کیلئے زور دار انداز میں بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے مسائل بہت ہیںلیکن سیاحوں کا یہاں نہ آنا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے اور ریاستی حکومت کو اس جانب توجہ مبذول کرنی چاہئے اور منفی پروپیگنڈا کا توڑ کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ جھیل ڈل کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل ہماری ریاست کا چہرہ ہے لیکن آج اس کی حالت ٹھیک دکھائی نہیں دے رہی ہے، گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری طور پر ڈل کی طرف توجہ دیں اور صفائی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیاجائے۔اس سے قبل صدرِ نیشنل کانفر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر پیس کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نفرت، فرقہ پرستی اور تعصب کا گھر بن گیا ہے اور موجود وزیر اعظم ہند مودی جی محض اقتدار کی خاطر وطن کو بانٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ جو ہندوستان دنیا میں جمہوریت، سیکولرزم اور سوشلزم کی وجہ سے مشہور تھا آج ہند کے عوام مایوسی اور بددلی کے شکار ہوچکے ہیں اور ہندوستان کے مسلمان پریشانیوں کے بھنور میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ5سالہ حکمرانی کے دوران مودی سرکار ہر سطح پر ناکام ہوگئی ہے۔ اس موقعے پر پیس کونسل کے چیئرمین فیاض احمد بٹ اور خورشید احمد ملک نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو یقین دلایا کہ وہ نیشنل کانفرنس تمام اُمیدواروں کو لوک سبھا الیکشن اور ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھر پور تعاون دیں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img