جموں /ریاست کے چیف الیکٹورل افسر شلیندر کمار نے ریاست میں انتخابات کے احسن انعقاد کیلئے کی جا رہی تیاریوں کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ سی ای او نے تینوں صوبائی کمشنروں اور سینئر افسروں کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ میں انتخابات کی تیاریوں اور پولنگ مراکز پر دستیاب رکھی جانے والی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پہلے اور دوسرے مرحلے میں منعقد ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کی تفصیلات بھی طلب کیں ۔ صوبائی کمشنروں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر پولنگ مراکز پر پینے کے پانی ، بجلی ، ریمپ، وہیل چئیر اور بیت الخلاو¿ں کے علاوہ رابطہ سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں اور باقی پولنگ مراکز پر یہ سہولیات بروقت قایم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کے عمل پر سینئر افسران نگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔ چیف الیکٹورل افسر نے صوبائی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں انتخابات کے احسن اور منصفانہ انعقاد کیلئے کی جا رہی تیاریوں کی ذاتی طور نگرانی کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ الیکشن افسروں کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں ۔ انہوں نے بہتر نتایج کیلئے تمام انتظامات مکمل کرنے پر بھی زور دیا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری بجلی ہردیش کمار ، کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم سریتہ چوہان ، سیکرٹری سماجی بہبود فاروق احمد لون ، صوبائی کمشنر لداخ سوغات بسواس ، سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر سمگرہ سکھشا ابھیان اے کے منہاس اور ایڈیشنل سی ای او راکیش کمار بھی موجود تھے جبکہ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو کمار ورما اور سیکرٹری صحت عامہ اجیت کمار ساہو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔