خصوصی پوزیشن میں تبدیلی نہیں ہوگی:کانگریس

خصوصی پوزیشن میں تبدیلی نہیں ہوگی:کانگریس

جموں کشمیر بھارت کا نا قابل ِ تنسیخ حصہ ،مذاکرات آگے بڑھنے کاواحد راستہ:راہل گاندھی

سرینگر:: کل ہند کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں فوج وفورسز میں کمی لائی جائیگی جبکہ آر مڈ فورسز اسپیشل پاﺅرس ایکٹ کا از سر نو جائزہ لیا جائیگا ۔کانگریس صدر راہول گاندھی نے منگلوار کو انتخابی منشور جاری کیا ،جس میں ریاستی عوام سے وعدہ کیا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کانا قابل ِ تنسیخ حصہ ہے اور مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔

کانگریس کے انتخابی منشور میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کے سیاسی معاملے کے حل کےلئے مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد ذریعہ ہے ۔انتخابی منشور میں کہا گیا ’جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے عوام کے احساسات وجذبات کو سمجھنے کےلئے مذاکرات واحد راستہ ہے اور اُنکے مسئلے کا عزت کے ساتھ حل تلاش کرنا ہوگا ،ہم اس آگے قدم بڑھائیں گے ‘۔

انتخابی منشور میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر میں نافذ العمل آر مڈ فورسز اسپیشل پاﺅرس ایکٹ اور ڈسٹربڈ ائرا ایکٹ کا از سر نو جائزہ لیا جائیگا ۔سلامی اور انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کےلئے قوانین میں مناسب تبدیلی کی جائیگی ۔

انتخابی منشور میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کشمیر میں مذاکراتی عمل کی بحالی تین مذاکرات کار نامزد کئے جائیں گے ۔کانگریس نے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ سنجیدہ مذکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جائیگا اور ریاست کے تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت ہوگی ۔کانگریس نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ یہ مذاکرات بغیر کسی شرط وشرائط کے ہونگے ۔

انتخابی منشور میں مزید کہا گیا ہے کہ 26اکتوبر 1947کے بعد بھارت کے ساتھ الحاق کی صورت میں تعمیر وترقی کےلئے کانگریس نے ماضی میں بہت کام کئے جبکہ مستقبل میں جاری رہیں گے۔منشور میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا نا قابل تنسیخ حصہ ہے ۔کانگریس کے منشور میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی جموں وکشمیر کی منفرد حیثیت کو تسلیم کرتی ہے اور منفرد حالات میں دفعہ370کے تحت جموں وکشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق کو بھی تسلیم کرتی ہے ۔منشور میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائیگی اور نہ ہی آئینی پوزیشن تبدیل ہوگی اور نہ اسکی اجازت دی جائیگی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.