لوگوں نے گپکار الائنس پر اپنے اعتمادکی مہر ثبت کی: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

لوگوں نے گپکار الائنس پر اپنے اعتمادکی مہر ثبت کی: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کا خصوصی اجلاس
لوگوں نے گپکار الائنس پر اپنے اعتماد اور بھروسے کی مہر ثبت کر کے دکھائی : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کے زون صدور اور ضلع صدور کا ایک اجلاس آج پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں اُن کی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ڈی سی انتخابات کے نتائج پر طویل تبادلہ خیالات کیا گیا اور پارٹی کارگردی کا جائزہ لینے کے علاوہ کمزریوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں اُن نشستو ں کے نتائج بھی زیر غور آئے جہاں پارٹی کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔

اس دوران شرکاءنے ان نشستوں پر ہار کی وجوہات اور پس منظر کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ ضلع صدور نے اجلاس کو ڈی ڈی انتخابات میں اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی کی کارگردی اور گپکار الائنس کے اُمیدوروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی قیادت کے احکامات پر علمدآمد کا خلاصہ کیا ۔ ضلع صدور نے کہا کہ انتہائی مشکلات اور اڑچنوں کے باوجود بھی پارٹی قیادت کے احکامات کے عین مطابق کام کیا گیا اور اتحاد کے اُمیدواروں کو ہر طرح کا تعاون اور اشتراک فراہم کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کی مضبوطی اور عوام کیساتھ رابطہ بنائے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے اصولوں پر چٹان کی طرح قائم و دائم ہے ۔

انہوں نے پارٹی عہدیداران اور ورکروں کی طرف سے گپکار الائنس کے اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے کئے گئے کام کو سراہا اور کہا کہ یہ اتحاد جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام کی اُمنگوں ، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔ اگرچہ نیشنل کانفرنس کو اس اتحاد کیلئے کافی قربانی دینی پڑی لیکن عوامی مفادات کے سامنے ذاتی اور انفرادی فائدے کوئی معنی نہیں رکھتے۔ حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں نے اس اتحاد پر اپنے اعتماد اور بھروسے کی مہر ثبت کر کے دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گپکار الائنس ایک پاک اتحاد ہے اور اس اتحاد کا واحد مقصد جموں وکشمیر کی چھینی گئی انفرادیت، اجتماعیت اور شناخت کی بحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے ہم ضرور سرخرو ہونگے اور جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے ادارے نیک ہیں اور ہم حق پر ہیں تو اللہ تعالیٰ ضرور ہمیں کامیابی اور کامرانی بخشے گا۔

اجلاس میں سینئر لیڈران ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار، الطاف احمد کلو،غلام رسول ناز، حاجی عبدالاحد ڈار، غلام محی الدین میر اور شیخ اشفاق جبار موجود تھے۔اجلاس میں نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، شمالی زون صدر محمد اکبر لون اور وسطی زون صدر علی محمد ڈار بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.