ڈی ڈی سی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع،ووٹنگ جاری

ڈی ڈی سی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع،ووٹنگ جاری

سرینگر::سخت سیکیورٹی انتظامات کے بیچ ہفتہ کی صبح سات بجے سے ڈی ڈی سی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا ۔پہلے مرحلے کی ووٹنگ 43نشستوں پر ہورہی ہے ۔ان انتخابات میں350سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے کے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کی طرح جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب پہلگام میں بھی ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پہلگام بلاک میں ووٹروں کی کل تعداد 24 ہزار 756 ہے جن کے لیے تقریبا 19 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔


انتخابات کو پرامن طریقہ سے انجام دینے کے لیے پولنگ مراکز کے آس پاس سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پہلگام بلاک میں بھاری تعداد میں لوگ گھروں سے نکل کر حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پہلگام علاقے میں رائے دہندگان کی اکثر تعداد پسماندہ پہاڑی طبقہ سے وابستہ ہے اور ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے والی ایک خاتون اور 5 مرد امیدوار بھی پہاڑی طبقہ سے وابستہ ہیں۔


جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کے لیے رائے دہندگان کی قطار دیکھی گئی۔ بڈگام کے رائیتھن میں واقع گورنمنٹ سیکنڈری اسکول میں پولنگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے پیش نظر ضلع بانڈی پورہ کے حلقہ انتخاب سمبل ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔
ووٹرز کا کہنا ہے کہ ‘آج ہم تعمیر وترقی کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آج تک ہمیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اب ہمیں ان مشکلات سے چھٹکارا ملے گا اور ہمارے علاقے میں ترقی کا دور شروع ہو جائے گا’۔
ضلع کولگام میں بھی ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گیے ہیں۔ صبح سے ہی مختلف پولنگ مراکز پر رائے دہندگان کی اچھی تعداد نظر آرہی ہیں۔ضلع کولگام میں 223 پولنگ بوتھ قائم کیے گیے ہیں۔


مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتیندر سنگھ نے ٹویٹ کے ذریعے اپیل کی کہ ‘جموں و کشمیر میں پہلی بار ہونے والے تاریخی ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔انتخابات کے پیش نظر ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے لارنو بلاک کے لیے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر آج پہلے مرحلے کے تحت یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے لارنو بلاک کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
جموں و کشمیر کے اکھنور میں پہلا ووٹ ڈالنے والے چگر سنگھ پوارمرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے اکھنور میں پہلا ووٹ ڈالنے والے چگر سنگھ پوار نے بتایا کہ انہوں نے خوشحالی اور ترقی کے لیے ووٹ کیا ہے۔ چگر سنگھ نے خوشحالی ، ترقی اور ملک کو بلندی پر لے جانے کے لیے ووٹ کرنے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔


نیشنل کانفرنس کے رہنما سلمان ساگر نے ٹویٹ کر کے کہا کہ سرینگر صورہ میں پولنگ سے محض ایک گھنٹہ قبل پولنگ اسٹیشن کو تبدیل کرنے کی اطلاع دی جارہی ہے۔جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ساڑھے 7 بجے سے ووٹنگ شروع ہوگی۔
انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع پلوامہ اور شوپیاں میں انٹرنیٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں اضلاع انتہائی حساس مانے جاتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ معطل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی کشمیر نامساعد حالات کا سب سے زیادہ شکار ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے حالات کے لحاظ سے حساس ترین تصور کیا جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.