جمعہ, نومبر 27, 2026
8.8 C
Srinagar

"پارٹی سے وفاداری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی”: پیرزادہ سعید کے انتقال پر راہل گاندھی کا اظہارِ تعزیت

سرینگر، 27 نومبر: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کے روز سینئر کانگریس رہنما اور اننت ناگ کے موجودہ رکنِ اسمبلی پیرزادہ محمد سعید کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیرزادہ سعید کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’میں اس غم کی گھڑی میں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور حامیوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ پارٹی کے ساتھ ان کی وفاداری اور عوامی خدمت کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘

73 سالہ پیرزادہ محمد سعید جمعرات کی دیر رات جموں میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ حلقے سے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے کامیابی حاصل کی تھی۔

ایک سینئر کانگریس رہنما کی حیثیت سے پیرزادہ سعید نے 1987، 2002 اور 2008 میں کوکرناگ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کی تھی۔ وہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر بھی رہے اور مختلف حکومتوں میں وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی علاقے دمحال اچھہ بل، ضلع اننت ناگ میں ادا کی جائے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img