چاڈورہ، بڈگام، 27 نومبر: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے قصبہ چاڈورہ میں نامعلوم چوروں نے جے سی بی مشین کی مدد سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کا اے ٹی ایم اکھاڑنے کی کوشش کی تاکہ وہاں موجود نقد رقم لوٹی جا سکے، تاہم وہ اپنی کوشش میں ناکام رہے۔
حکام کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئی۔ پولیس کو موقع پر آتا دیکھ کر ملزمان فرار ہوگئے اور جے سی بی مشین سمیت ایک گاڑی جائے وقوعہ پر ہی چھوڑ گئے، جنہیں مبینہ طور پر واردات میں استعمال کیا گیا تھا۔
پولیس نے جے سی بی مشین اور گاڑی دونوں کو ضبط کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
(کے این ٹی)





