سری نگر، 12 نومبر : جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آکھرن علاقے میں بدھ کے روز سی آر پی ایف کے جوانوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی کشمیر میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری ہے۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر میر بازار کے قریب نوپورہ آکھرن میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ناکے پر تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی، جس میں فورس کی 46 ویں بٹالین کے تین جوان زخمی ہو گئے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ لایا گیا، جہاں سے ایک جوان کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے ایئر لفٹ کر کے سری نگر کے 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام میں سکیورٹی فورسز مشکوک مقامات پر تلاشی کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ گاڑیوں، خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں، کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ان کی جامہ تلاشی کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈ اور گاڑیوں کے دستاویزات بھی باریک بینی سے دیکھے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وادی کے دیگر علاقوں، بشمول سری نگر، میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ کچھ اہم اور حساس مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور موٹر سائیکل سواروں کی خاص طور پر سخت چیکنگ ہو رہی ہے۔ کہیں کہیں راہگیروں اور مسافروں کی بھی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ دیکھے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری یا دوسری پیش رفت نہیں ہوئی ہے، تاہم سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کی شام بیس اسپتال کا دورہ کر کے سی آر پی ایف کے ہیڈ کانسٹیبل سونبیر سنگھ کی خیریت دریافت کی، جو کولگام کے حملے میں شدید زخمی ہوئے اور زیر علاج ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں بات چیت کی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: ’’سری نگر کے بیس اسپتال جا کر سی آر پی ایف کے ہیڈ کانسٹیبل سونبیر سنگھ کی خیریت دریافت کی، جو کولگام کے دہشت گردانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے اور زیر علاج ہیں۔ ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے پرارتھنا کرتا ہوں۔ دو دیگر زخمی اہلکار، کانسٹیبل راکیش داس اور کانسٹیبل سانتنو چندرا، مستحکم حالت میں ہیں اور کولگام میں سی آر پی ایف کی 46 ویں بٹالین کے یونٹ اسپتال میں روبہ صحت ہیں۔ میں اس بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی کی سخت مذمت کرتا ہوں اور عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داروں کو ڈھونڈ نکالا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ میں نے لوک بھون سری نگر میں سینئر افسران کے ساتھ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔‘‘
یہ حملہ ایسے دن ہوا جب لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع میں ’ویشو فیسٹیول‘ کا افتتاح کرنا تھا۔ حملے کے باوجود سنہا نے فیسٹیول کا افتتاح کیا اور وہاں موجود لوگوں سے خطاب کیا۔
ادھر ضلع کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی پراسرار ہلاکت سے سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں لاپتہ ہو جانے والے دونوں ایس پی اوز کی گولیوں سے چھلنی لاشیں جنگلاتی علاقے سے برآمد کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
(ہ س)




