سری نگر، : لداخ انتظامیہ نے ماحولیاتی طور پر انتہائی حساس اور جنگلی حیات کے لیے محفوظ علاقوں میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانے (آف روڈنگ) کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہے۔ انتظامیہ نے 12 موٹر سائیکل سواروں پر مجموعی طور پر 1.20 لاکھ روپے اور ایک ایس یو وی کے مالک پر 50 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کے کسی گروپ کے خلاف ممنوعہ علاقوں میں آف روڈنگ پر لداخ انتظامیہ کی یہ اب تک کی پہلی بڑی کارروائی ہے۔
حکام کے مطابق، یہ کارروائی لداخ کے نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی آف روڈنگ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے شروع کی گئی مہم کا حصہ ہے۔محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف) کی جانب سے دو مختلف مقامات پر کارروائی کی گئی۔
4 جولائی کو وائلڈ لائف حکام نے چانگ تھانگ وائلڈ لائف سینکچری کے اندر واقع حساس دلدلی علاقے تسو موریری کے قریب 12 بائیکرز کے ایک گروپ کو غیر قانونی آف روڈنگ کرتے ہوئے پکڑا۔ یہ گروپ گروگرام (ہریانہ) کے ایک ٹور آپریٹر ‘وانڈران ایکسپیرینسز پرائیویٹ لمیٹڈ’ کے تحت سفر کر رہا تھا۔ ان پر وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ 1972 کے سیکشن 29 کی خلاف ورزی کے تحت فی بائیکر 10 ہزار روپے (مجموعی طور پر 1.20 لاکھ روپے) جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس سے قبل، 30 جون کو حکام نے پینگونگ جھیل کے کنارے ‘مان’ نامی گاؤں کے پاس چانگ تھانگ سینکچری کی حدود میں غیر قانونی طور پر چلنے والی ایک مہندرا گاڑی کو قبضے میں لیا۔ اتر پردیش کے شہر میرٹھ سے تعلق رکھنے والے اس گاڑی کے ڈرائیور پر سیکشن 50 کے تحت 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، جس کی ادائیگی کے بعد گاڑی کو چھوڑا گیا۔
UNI




