ہفتہ, دسمبر ۲۰, ۲۰۲۵
15.2 C
Srinagar

بڑے اراضی فراڈ معاملے میں چار ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل :سی بی کے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے 50 لاکھ روپیوں کے اراضی فراڈ معاملے میں چار ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے آر پی سی کے 420، 471 اور 120 – بی دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 2/2025 میں ایک بڑے اراضی فراڈ کیس میں چار ملزموں کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چارج شیٹ محمد افضل شیخ ولد مرحوم غلام قادر شیخ ساکن گوپال پورہ چاڈورہ بڈگام، محمد سکندر ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن چینہ بل میر گنڈ پٹن بارہمولہ اور علی محمد ڈار ولد محمد ابراہیم ڈار ساکن چینہ بل، میر گنڈ، پٹن بارہمولہ کے خلاف درج کی گئی ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ یہ کیس ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ ستمبر 2022 میں ملزموں نے (جو زمین دلال اور زمین کے مالک تھے) نےشکایت کنندہ کو ضلع سری نگر کے ریونیو اسٹیٹ رنبیر گڑھ- پرتاب گڑھ میں واقع چار کنال زمین خریدنے پر آمادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ کو ملکیت اور زمین کے محل وقوع کو ثابت کرنے کے لئے ریونیو ریکارڈ، نقشہ امینی اور جیو ٹیگ شدہ تصاویر دکھائی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان بیانات پر بھروسہ کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے 50 لاکھ روپیے ادا کئے جس کے بعد سیل ڈیڈ رجسٹر کی گئی اور زمین کا قبضہ بھی دے دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بعد ازاں شکایت کنندہ کو معلوم ہوا کہ موقع پر دکھائی گئی زمین،سیل ڈیڈ میں درج زمین سے مطابقت نہیں رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ شکایت کنندہ کو سروے نمبر 207 کے تحت آنے والی زمین دکھائی گئی جبکہ حقیقت میں جو زمین فروخت کی گئی وہ سروے نمبر 94 کے تحت آتی ہے جو ایک دلدلی (ویٹ لینڈ) زمین ہے اور اس تک رسائی کا کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ مزید تحقیقات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ ملزموں نے آپس میں ملی بھگت کرکے جعلی دستاویزات تیار کیں اور ان کا غلط استعمال کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران ایک منظم اور سوچے سمجھے مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا جس کے بعد اس معاملے میں عدالتی کارروائی کے لئے چارج شیٹ داخل کی گئی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img