جموں: غیر قانونی شراب کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں ایک شراب فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے 30 لیٹر غیر قانونی شراب بر آمد کیا۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کٹھوعہ کی ایک ٹیم نے کوکے چک علاقے میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک شخص کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 30 لیٹر غیر قانونی شراب بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت لکشمن داس عرف چوچا ولد نیک راج ساکن چک دراب خان کٹھوعہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں ایکسائز ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس علاقے سے غیر قانونی شراب کے کاروبار کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے کیونکہ یہ نہ صرف صحت بلکہ معاشرتی و اقتصادی حالات پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔