منگل, اکتوبر ۱۴, ۲۰۲۵
23.4 C
Srinagar

سردیوں کے دوران آگ کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے ایڈوائزری جاری کی

سری نگر:جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے سردیوں کے موسم میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر عوام کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور چوکسی برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں ہیٹنگ آلات اور گیس اسٹوو وغیرہ کے زیادہ استعمال کے سبب اکثر آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ وہ درج ذیل ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام برقی ہیٹنگ آلات، بخاری، اور ایل پی جی گیس اسٹوو کو سونے سے قبل یا گھر سے نکلنے سے پہلے بند کر دیا جائے۔ اسی طرح کانگڑی کا استعمال احتیاط سے کیا جائے اور رات کے وقت اسے محفوظ جگہ پر رکھا جائے تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ خشک گھاس، لکڑی یا کسی بھی آتش گیر مواد کو رہائشی مکانوں کے اندر ذخیرہ نہ کیا جائے بلکہ انہیں علیحدہ محفوظ جگہ پر رکھا جائے۔

محکمہ نے ناقص برقی آلات، غیر معیاری ہیٹرز یا خراب الیکٹریکل کمبل کے استعمال سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ اس سے شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔بیان کے مطابق شہریوں کو معیاری فیوز اور ارتھ لیکیج بریکر استعمال کرنے چاہئیں، جبکہ بجلی کے تاروں کو گرم یا گیلی سطح سے دور رکھا جائے۔

محکمہ نے باورچی خانے میں کھانا پکاتے وقت کچن چھوڑنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔ اگر کسی وجہ سے کچن چھوڑنا ضروری ہو تو چولہا بند کر کے ہی جائیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ گیس سلنڈر اور چولہے کے نوب استعمال کے بعد بند کیے جائیں اور مناسب ہواداری کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح رہائشی اور تجارتی علاقوں میں تمام ایمرجنسی راستے اور پانی کی رسائی کے پوائنٹس صاف رکھے جائیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ سگریٹ بٹس لاپرواہی سے نہ پھینکیں کیونکہ اس سے بھی آگ بھڑک سکتی ہے۔

محکمہ نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی آگ لگنے کے واقعے کی صورت میں فوری طور پر قریبی فائر اسٹیشن یا کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔سرینگر کے لیے کنٹرول روم نمبرز 0194-2452155، 2452222، جبکہ جموں کے لیے 0191-2457705، 2435283 اور ٹول فری نمبر 101 فراہم کیے گئے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img