جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے میں منگل کی صبح ایک درد ناک سڑک حادثے میں 3 افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 2 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کٹرہ ہیلی پیڈ پر منگل کی صبح ایک بس اور ایک آٹو رکشا کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ اس قدر بھیانک تھا کہ اس کے نتیجے میں 3 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 2 دیگر زخمی ہوگئے۔ان کا کہنا ہے کہ متوفین میں آٹو ڈرائیور اور دو یاتری شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے پہلے سی ایچ سی کٹرہ پہنچایا گیا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا۔متوفین اور زخمیوں کی شناخت فی الوقت معلوم نہیں ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے جائے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔