سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں طویل عرصے سے گرفتاری سے بچنے والے ایک بد نام زمانہ جعلساز اور اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے ایک بدنام زمانہ جعلساز اور اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا ہے جو طویل عرصے سے گرفتاری سے بچتا پھر رہا تھا۔
گرفتار شدہ کی شناخت زبیر احمد گنائی عرف پنہ عرف منصور گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن روہامہ رفیع آباد کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم متعدد فراڈ اور دھوکی دہی کے مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف جموں وکشمیر بھر کی مختلف عدالتوں بشمول بارہمولہ، بڈگام، کپوارہ، اننت ناگ، پلوامہ، سری نگر اور کولگام، کی جانب سے 19 ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو مختلف عدالتوں بشمول عدالت جے ایم آئی سی ڈنگی وچھی کی جانب سے 4 مقدمات میں اشتہاری مجرم قرار دیا گیا ہے اور وہ بار بار کی قانونی کارروائی کے باوجود بھی مفرور تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کی گرفتاری کے ساتھ سوپور پولیس نے ایک طویل عرصے سے مفرور اور عادی جعلساز کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔