جموں: جموں پولیس نے راہ سیلوٹ میں پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثے، جس میں دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی تھی، میں بڑی کامیابی حاصل کرکے اس میں ملوث مفرور کرین ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ راہ سیلوٹ میں ایک کرین زیر رجسٹریشن نمبرjk02dn – 9628 اور ایک آئی 10 کار زیر رجسٹریشن نمبر jk11e – 38 74 کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں مانک رائنا ولد راکیش کمار اور دیو راج ولد سنت رام ساکنان سندر بنی نامی دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد کرین ڈرائیور جائے موقع سے فرار ہوگیا جس سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرکے اس ضمن میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر175/2025 ایک مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ چورہ کی ایک ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت محمد اعجاز ولد محمد اختر ساکن چنی ضلع راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے اور قصور وار کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔