بدھ, ستمبر ۲۴, ۲۰۲۵
26 C
Srinagar

شعبہ صحت کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے: سکینہ یتو

سری نگر: صحت و تعلیم کی وزیر سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار لوگوں کی خدمت کے لئے پر عزم ہے اور صحت کی دیکھ بھال کے سیکٹر کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ باغبانی کشمیر کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس کو گذشتہ کچھ برسوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا ’عمر عبداللہ کی قیادت والی جموں وکشمیر سرکار ہر شعبے میں لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، اور صحت کی دیکھ بھال کے سیکٹر کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔‘ان کا کہنا تھا ’جموں وکشمیر کے تمام اسپتالوں میں ضروری سامان اور دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔‘سکینہ یتو نے کہا کہ ان کی جماعت کے تمام ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں جاکر لوگوں کا کام کر رہے ہیں۔

محبوبہ مفتی کے الزام کہ حکومت میوہ صنعت کی تباہی کے ذمہ دار کے بارے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا ’شعبہ باغبانی کشمیر کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس کو گذشتہ کچھ برسوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے اور جموں وکشمیر کے بیوپاریوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘ان کا دعویٰ تھا کہ ’جموں وکشمیر کے لوگوں کو جو پریشانیاں در پیش ہیں اس کی وجہ پی ڈی پی ہی ہے۔‘

وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلے فخر سے کہا جاتا تھا کہ قومی شاہراہ اب ٹھیک ہے لیکن بارشوں سے یہ واضح ہوا ہے کہ اس کی بحالی کے لئے ٹھوس کام نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معمول کی بارشوں سے سڑکیں کیوں تباہ ہو جاتی ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img