بدھ, ستمبر ۲۴, ۲۰۲۵
26 C
Srinagar

گاندربل میں نوجوان کا قتل، دوستوں نے گلا گھونٹ کر نہر میں پھینکا: پولیس

سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ ایک نوجوان کی لاش پاور کنال سے برآمد ہونے کے بعد تحقیقات میں یہ معاملہ قتل کا نکلا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اس کے ہی دو ساتھیوں نے پہلے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا اور پھر لاش نہر میں پھینک دی۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گاندربل محمد خلیل پوسوال نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مقتول کی شناخت اعجاز احمد راتھر ولد غلام محمد راتھر ساکن سلطان کالونی کنگن کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز اپنے دو دوستوں نیاز الحق اور معین کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا جب ان کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی۔ دونوں ملزموں نے رنجش کے تحت ایک تار خریدا، جس کی خریداری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے اور اسی تار سے اعجاز کا گلا گھونٹ دیا۔ اس کے بعد لاش کو نہر میں پھینک دیا گیا۔

انہوں نے کہا واردات میں استعمال شدہ تار برآمد کر لیا گیا ہے اور مقتول کی گردن پر واضح طور پر گلا دبانے کے نشانات موجود ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق کیس کو سائنسی اور فارنسک شواہد کی بنیاد پر مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عدالت میں ملزمان کو سخت سزا دی جا سکے۔ انہوں نے اس واقعے کو نہایت ہی افسوسناک قرار دیا۔

لاش کو برآمد کرنے کے لئے ایس ڈی آر ایف اور پولیس نے مشترکہ طور پر 12 گھنٹے طویل آپریشن انجام دیا، جس دوران علاقے میں حفاظتی دستے بھی تعینات کیے گئے تاکہ امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img