سری نگر: پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی نے منگل کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں قومی شاہراہ کے بند ہونے سے میوہ صنعت کو در پیش بحران سے آگاہ کیا۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر نے التجا کو مزید نقصانات سے بچنے کے لیے میوہ سے لدے ٹرکوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔التجا مفتی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں سری نگر – جموں شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے جموں و کشمیر سیب کی صنعت کو درپیش شدید بحران کے بارے میں آگاہ کیا’۔انہوں نے پوسٹ میں کہا: ‘ انہوں نے مجھے مزید نقصانات سے بچنے کے لیے میوہ سے لدے ٹرکوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی’۔
واضح رہے کہ قومی شاہراہ پر مسلسل تین ہفتوں سے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہنے سے کشمیر میں میوہ صنعت سے وابستہ افراد پریشانی کے دلدل میں پھنس گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہونے سے ان کو بے تحاشا نقصان ہو رہا ہے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو قومی شاہراہ کی موجودہ حالت کے متعلق شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈ کری سے بات کی۔
انہوں یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اگلے 24 گھنٹوں کے اندر کچھ ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔