جموں: جرائم پیشہ افراد کے خلاف شکنجے کو مزید تنگ کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ایک عادی مجرم کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اس کو گرفتار کرکے کوٹ بلوال جیل جموں میں بند کر دیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ کی ہدایت پر ملزم عبدالغنی ولد علی حسین ساکن جگت پور کٹھوعہ کے خلاف ایک وارنٹ جاری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ نے یہ وارنٹ ضلع پولیس کٹھوعہ کی طرف سے ڈوزیئر حاصل کرنے کے بعد جاری کی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ اس وارنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لکھن پور کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی قیادت میں ملزم کو گرفتار کیا اور مذکورہ وارنٹ کو جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 کے سیکشن 8 (1) (A) کے تحت عملی جامہ پہنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم ایک عادی اور کٹر مجرم تھا اور پولیس اسٹیشن کٹھوعہ اور لکھن پور میں اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 6 مقدمے درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے سینٹرل کوٹ بلوال جیل جموں میں بند رکھا گیا۔