سری نگر،: خراب موسمی صورتحال کے باعث وادی کشمیر میں جمعرات کو تعلیمی ادارے مسلسل دوسرے روز بھی بند رہے۔
تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ طلبا اور عملے کے تحفط کو یقینی بنانے کے پیش نظر لیا گیا۔صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا: ‘ خراب موسمی حالات کے پیش نظر اور احتیاطی تدابیر کے طور پر 4 ستمبر 2025 بروز جمعرات پورے کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بشمول اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور کوچنگ سینٹرز بند رہیں گے’۔
وادی میں بدھ کے روز بھی تعلیمی ادارے بند رہے تھے۔جموں صوبے میں ناساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر قریب ایک ہفتے سے تعلیمی ادارے بند ہیں۔
دریں اثنا جمعرات کی صبح سے جہلم اور اس کے معاون ندیوں میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے وہیں اننت ناگ، بڈگام، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے کچھ علاقوں میں پانی پھیل گیا ہے۔