جموں: جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بدھ کی شب ایک رہائشی علاقے میں اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں کم از کم چھ مکان خاکستر ہو گئے جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے جن میں چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر سروسز کو کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پانے میں کامیابی ملی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چار کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ریفر کر دیا۔
ادھر مقامی رکن اسمبلی شگن پریہار نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ انہوں نے اس سانحے کو انتہائی المناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ کنبوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات فی الحال واضح نہیں ہیں اور پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔