سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کشتواڑ سانحے کے متعلق جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ فون پر بات کی عمر عبداللہ نے انہیں کشتواڑ کی صورتحال اور انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریف کیایہ جانکاری عمر عبداللہ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔
انہوں نے پوسٹ میں کہا: ‘مجھے ابھی وزیر اعظم نریندر مودی صاحب کی طرف سے فون کال موصول ہوئی میں نے انہیں کشتواڑ کی صورتحال اور انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا’۔
ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘میری حکومت اور اس المناک بادل پھٹنے سے متاثر ہونے والے لوگ ان (وزیر اعظم) کی حمایت اور مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تمام مدد کے شکر گزار ہیں’۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چسوتی گاؤں میں جمعرات کی دوپہر بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والے طوفانی سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی۔
حکام کے مطابق اب تک 50 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 162زخمی اسپتال منتقل کیے گئے جبکہ 200 سے زائد افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر بچائو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔