سری نگر،: جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے ہفتے کے روز یہاں سری نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر اپنے مطالبوں کو لے کر بھوک ہڑتال شروع کی جس میں کمیٹی کے صدر طارق قرہ اور دیگر لیڈر شامل ہوئے۔
اس موقع پر موصوف صدر نے میڈیا کو بتایا: ‘سرکار کو جگانے کے لئے ‘ہماری ریاست، ہمارا حق’ پروگرام کے تحت 6 ماہ سے قبل ہماری جدو جہد شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ پروگرام دو حصوں پر مشتمل تھا جس میں پہلے مرحلے میں سری نگر چلو، جموں چلو اور دلی چلو کا پروگرام تھا جو بہت ہی کامیاب رہا اور ہر جگہ لوگوں نے ہمیں تعاون پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘پروگرام کا دوسرا حصہ 4 اگست سے شروع ہوا جو 21 اگست تک جاری رہے گا، 4 اگست کو ہم سول سوسائٹی اور ٹریڈرس سے ملے اور 5 اگست کو ہم نے جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں یوم سیاہ منایا’۔
مسٹر قرہ نے کہا کہ 9 اگست کو ہم نے بھوک ہڑتال شروع کی جو 21 اگست تک کا پروگرام ہے۔انہوں نے کہا: ‘9 اگست کو ضلع سری نگر سے بھوک ہڑتال شروع ہوئی جبکہ 10 اگست کو ضلع اننت ناگ جو سری نگر میں ہی بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے جبکہ 11 اگست کو ضلع بڈگام وہ سری نگر میں ہی بھوک ہڑتال کریں گے’۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کا پروگرام صوبہ جموں کے لئے بھی دیا گیا ہے۔