سری نگر،: جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبوں کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ ‘ہماری مانگیں پوری کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے میڈیا کو بتایا: ‘ہم آج ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوئے ہیں، مرکز نے سال 2016 میں ڈس ابلٹی ایکٹ پاس کیا لیکن جموں و کشمیر میں اس ایکٹ کو آج تک نافذ نہیں کیا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘جسمانی طور معذور تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارا پنشن کا مسئلہ ہے، اس کے لئے ہمیں تین ہزار روپیے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن صرف ڈھائی سو روپیوں کا اضافہ کیا گیا’۔
موصوف صدر نے کہا: ‘بی پی ایل، اے اے آئی اور خواتین کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں لیکن جسمانی طور معذور افراد جو سماج کا سب سے کمزور طبقہ ہے، کے لئے ایسی سہولیات کا کوئی اعلان نہیں کیا جا رہا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہماری یہی مانگ ہے کہ جتنے بھی ہمارے مسائل ہیں ان کو حل کیا جائے تاکہ ہم سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور نہ ہوں’۔