جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے پونڈا علاقے میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں کم از کم تین افراد کی موت جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے پونڈا علاقے میں ڈوڈہ – براتھ روڈ پر منگل کی صبح ایک ٹیمپو زیر رجسٹریشن نمبر جے کے 06 – 4847 سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں گر گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کےوقت اس گاڑی میں کئی مسافر سوار تھے ۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 3 مسافروں کی موت واقع ہوئی جبکہ نصف درجن کے قریب زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس، مقامی لوگوں اور رضا کاروں نے بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے اس واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ’ ڈوڈہ شہر سے تقریباً 20 سے 25 کلومیٹر دور بھرت گاؤں کے قریب ایک پرائیویٹ ٹیمپو کے سڑک حادثے کا شکار ہونے کی اطلاع ملنے پر ڈی سی ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ جی سے بات کی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’اب تک تین افراد کی موت واقع ہونے اور 4 کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔‘
ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا ’تمام ممکن مدد اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ڈی سی خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مجھے اپڈیٹس دے رہے ہیں، ہر ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔‘