جموں: منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جموں میں دو منشیات فروشوں، جو سگے بھائی ہیں، کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس پوسٹ نروال کی ایک ٹیم نے معمول کی گشت کے دوران ریلوے پل نروال کے نزدیک ایک مشکوک لوڈ کیرئر کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران دو افراد کی تحویل سے 23 گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔ملزموں کی شناخت محمد عارف اور ناہد چودھری پسران محمد شفیع ساکنان راجوری کے طور پر کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملزموں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اور پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں ان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ جموں پولیس منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے اور لوگوں سے تعاون کا طلبگار ہے۔