بدھ, جون ۲۵, ۲۰۲۵
23 C
Srinagar

زڈی بل سری نگر میں سڑک پر غیر ملکی پرچم کی خاکہ کشی، پولیس نے فوری کارروائی کی

سری نگر:  جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے زڈی بل علاقے میں امام باڑہ کے مرکزی دروازے کے باہر سڑک پر غیر ملکی پرچم (اسرائیل سے مشابہ) کی خاکہ کشی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف اس تصویر کو ہٹا دیا بلکہ واقعے میں ملوث تین نابالغ طالبات کی شناخت بھی کر لی ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ زڈی بل کو اطلاع موصول ہوئی کہ امام باڑہ زڈی بل کے گیٹ کے سامنے سڑک پر ایک پرچم نما خاکہ بنایا گیا ہے، جو کسی غیر ملکی پرچم (اسرائیل) سے مشابہت رکھتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور فوری طور پر خاکہ مٹا دیا گیا تاکہ علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

ابتدائی تحقیقات میں تین نابالغ لڑکیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جو مقامی رہائشی اور طالبات ہیں۔ پولیس نے ان کے والدین کو تھانے میں طلب کیا اور بچیوں کو ان کے سامنے مناسب رہنمائی اور کونسلنگ فراہم کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق’بچیوں کو اس عمل کے سماجی اور قانونی اثرات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں شہری ذمہ داریوں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت سمجھائی گئی۔‘

پولیس نے واضح کیا ہے کہ معاملے میں قانونی کارروائی کی جائے گی، تاہم نابالغوں کے تحفظ اور فلاح کے اصولوں کے تحت جووینائل جسٹس فریم ورک کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سرینگر پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ضلع بھر میں امن، قانون و انصاف اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img