منگل, جون ۲۴, ۲۰۲۵
31.9 C
Srinagar

راج ناتھ بدھ کو چین میں ہونے والی ایس سی او میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بدھ کو چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کی میٹنگ میں ہندوستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کریں گے۔

وزارت دفاع نے منگل کو یہاں کہا کہ دو روزہ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے دفاع علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور ایس سی او کے رکن ممالک کی وزارت دفاع کے درمیان تعاون سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر دفاع ایس سی او کے اصولوں کے تئیں ہندوستان کی مسلسل وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی سمت میں ہندوستان کے نقطہ نظر کو پیش کریں گے۔ وہ خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے متحد اور مستقل کوششوں کی اپیل کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون اور رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔ وہ اجلاس کے دوران چین اور روس سمیت کچھ شریک ممالک کے وزرائے دفاع کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ہندوستان خطے میں کثیرالجہتی، سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے میں ایس سی او کو خصوصی اہمیت دیتا ہے

۔ایس سی او رکن ممالک کی خودمختاری، اقوام کی علاقائی سالمیت، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، باہمی احترام، افہام و تفہیم اور تمام رکن ممالک کی مساوات کے اصولوں پر مبنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ایس سی او سال 2001 میں تشکیل دیا گیا تھا اور یہ ایک بین الحکومتی تنظیم ہے۔ ہندوستان سال 2017 میں اس کا مکمل رکن بنا اور سال 2023 میں اسے تنظیم کی چیئرمین شپ سونپی گئی۔ ہندوستان کے علاوہ ایس سی او میں قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان، ازبکستان، ایران اور بیلاروس شامل ہیں۔ چین نے’شنگھائی روح کو قائم رکھنا: ایس سی او آگے بڑھ رہا ہے’ موضوع کے تحت 2025 کے لیے ایس سی او کی سربراہی سنبھالی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img