نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کو پوری دنیا کے لئے امن، ہم آہنگی اور صحت کی تحریک بنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے وشاکھاپٹنم میں منعقدہ یوگا کے عالمی دن کے مرکزی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان یوگا کے
فروغ کے لئے اس میں موجود سائنس کو جدید تحقیق کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگا کو جدید طبی نظام میں جگہ دلانے کی کوشش جاری ہے۔
مسٹر مودی نے کہا، "نیشنل آیوروید مشن کے ذریعے بھی یوگا اور ویلنس کے منتر کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اس میں
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بھی مؤثر مدد لی گئی ہے۔”
یوگا کو عوامی تحریک بنانے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، "آئیے ہم سب مل کر یوگا کو ایک عوامی تحریک بنائیں، ایک ایسی تحریک جو دنیا کو امن، صحت اور ہم آہنگی کی طرف لے جائے، جہاں ہر فرد دن کا آغاز یوگا سے کرے اور زندگی میں توازن حاصل کرے۔ جہاں ہر معاشرہ یوگا سے جڑے اور تناؤ سے آزاد ہو، جہاں یوگا انسانیت کو ایک دھاگے میں پرونے کا ذریعہ بنے اور جہاں یوگا فار ون ارتھ، ون ہیلتھ (ایک کرۂ ارض، ایک صحت کے لئے یوگا) ایک عالمی عزم بن جائے۔”
پروگرام میں آندھرا پردیش کے گورنر سیدعبدالنذیر ، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو، مرکزی وزراء کے رام موہن راؤ نائیڈو، پرتاپ راؤ جادھو، چندر شیکھر، بھوپتی راجو، سری نواس ورما، آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور کئی دیگر معزز شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے ساتھ یوگا کی مشق کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوگا کا سیدھا سادا مطلب ہے جڑنا اور یہ دیکھنا خوشگوار ہے کہ یوگا آج دنیا کو کس طرح جوڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوگا دن کے ہمارے تجویز کے ساتھ آج 175 ممالک کھڑے ہیں۔ آج کی دنیا میں ایسی یکجہتی، ایسی حمایت کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔ آج یوگا کروڑوں لوگوں کی طرز زندگی بن چکا ہے۔ آج بریل رسم الخط میں بھی یوگا کی تعلیم دی جا رہی ہے۔
آج 11ویں بین الاقوامی یوگا ڈے پر پوری دنیا میں جگہ جگہ یوگا کے پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔