حادثات کا خدشہ، لوگ پریشان،حکام سے اپیل
فردوس وانی
سرینگر،: ایک طرف شہر سرینگر کو سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں،دوسری طرف سرینگر کے مضافات میں واقع 90 فٹ روڑ جیسی اہم شاہراہ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے۔ صورہ سے ضلع گاندربل کے ہیڈکوارٹر تک جانے والی یہ مصروف شاہراہ اسٹریٹ لائٹس سے مکمل طور پر محروم ہے، جس پر مقامی شہری سخت ناراض ہیں۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ’شام ڈھلتے ہی یہاں گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے، نہ کوئی روشنی، نہ مناسب فٹ پاتھ۔ پیدل چلنے والے افراد، خاص کر بزرگ، خواتین اور بچے، ہر وقت حادثات کے خطرے میں رہتے ہیں۔‘شہریوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ جہاں شہر میں ہر طرف سمارٹ سٹی کے ہورڈنگز اور دعوے دکھائی دیتے ہیں، وہیں 90 فٹ روڑ کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سڑک صرف ایک گزرگاہ نہیں بلکہ سینکڑوں لوگوں کی روز مرہ زندگی کا حصہ ہے، لیکن اس کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں کوئی منصوبہ بندی نہیں ہو رہی۔ان کا کہناتھا کہ اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی کے سبب اس روڑ پر ہمہ وقت حادثات کا خدشہ لاحق رہتا ہے جبکہ متعدد حادثات بھی رونما ہوئے ،جن میں قیمتی انسانی جانیں تلف ہوئیں ۔
عوام نے جموں وکشمیر کی عوامی حکومت اور سمارٹ سٹی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، فٹ پاتھوں کی مرمت اور سڑک کی مجموعی حالت بہتر بنانے کے اقدامات کریں تاکہ شہری سکون اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔