سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سونہ واری سمبل علاقے میں دوران شب آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں 4 رہائشی مکان اور ایک درجن سے زیادہ دکان خاکستر ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سونہ واری سمبل علاقے کے مین مارکیٹ میں دوران شب آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل واقع عمارتوں جن میں رہائشی و کمرشل عمارتیں شامل تھیں، کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلے اس قدر بلند تھے کہ ان کو دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد فائر ٹنڈرس کو جائے موقع کی طرف بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فائر ٹنڈرس، پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو قابو میں کر لیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے اس واقعے میں 4 رہائشی ڈھانچے اور کئی دکان خاکستر ہوگئے۔
تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔