غزہ،: جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں یورپی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چھ فلسطینی جاں بحق اور 40 دیگر زخمی ہوگئے۔یہ اطلاع غزہ میں مقیم محکمہ صحت کے حکام نے منگل کو دی۔ فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا ہے کہ اس حملے میں 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، دیگر میڈیا اداروں نے امدادی کارکنوں کے حوالے سے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 28 ہے۔
فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسپتال پر کم از کم چھ میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں اسپتال کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کی سیکورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کر ایک ” درست حملہ” کیا تھا، جس میں اسپتال کے نیچے واقع حماس کے کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
آئی ڈی ایف کے مطابق حملے میں حماس کے زیر زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج نے حماس پر غزہ کے اسپتالوں کو عسکریت پسندوں کے بنیادی ڈھانچے کو چھپانے کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان اور دیگر ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ حملے میں حماس کے رہنما محمد سنوار کو نشانہ بنایا گیا تھا، لیکن محمد سنوار کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہوسکا۔ سنوار حماس کے سابق رہنما یحییٰ سنوار کے چھوٹے بھائی ہیں۔ یحییٰ کو گزشتہ سال اکتوبر میں جنوبی غزہ میں اسرائیلی فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔
حماس نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں اسرائیل کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اسے "جھوٹ اور بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش” قرار دیا۔ گروپ نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر حملوں کو جواز فراہم کرنے اور ‘شہریوں کو دہشت زدہ کرنے’ کے لیے ایسے الزامات کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ محمد سنوار جائے وقوعہ پر موجود تھے یا نہیں۔
یواین آئی