سرینگر: سیکیورٹی ایجنسیوں نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث تین پاکستانی دہشت گردوں کے پوسٹر جاری کیے ہیں، جس میں 26 عام شہری جان کی بازی ہار گئے تھے۔ "دہشت گردی سے پاک کشمیر” کے پیغام والے یہ پوسٹر جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ اور شوپیاں کے مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ہیں۔
پوسٹرز میں دہشت گردوں کی شناخت سے متعلق مصدقہ اطلاع دینے والے کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایجنسیاں یقین دہانی کرا رہی ہیں کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ حملہ بائیسارن چراگاہ میں ہوا تھا، جو پہلگام قصبے سے تقریباً چھ کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ اس اندوہناک واقعے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 25 سیاح اور ایک نیپالی شہری شامل تھا۔ یہ واقعہ 2019 کے پلوامہ سانحے کے بعد وادی کشمیر میں سب سے مہلک حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔