نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) پیر کی دوپہر کو بات چیت کریں گے تاکہ فوجی کارروائی کو روکنے پر 10 مئی کو طے پانے والے اتفاق رائے کا جائزہ لیا جا سکے اور آگے بڑھنے کے راستے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اس بات چیت کا مقصد بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ اور فوجی کارروائی کو مستقل طور پر روکنا ہے۔ دونوں حکام کے درمیان بات چیت دوپہر 12 بجے ہوگی۔
سکریٹری خارجہ وکرم مصری نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ دونوں فریق شام 6 بجے سے زمینی، فضائی اور سمندری فوجی کارروائی روک دیں گے۔ اس سے قبل پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری نے سہ پہر ساڑے تین بجے اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ ہاٹ لائن پر بات چیت کے دوران فوجی کارروائی روکنے کی پیشکش کی تھی۔
دریں اثنا، ہندوستانی فوج نے پیر کی صبح صورتحال پر ایک اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا، "اتوار کی رات جموں و کشمیر اور بین الاقوامی سرحد سے متصل دیگر علاقے کافی حد تک پرسکون رہے۔ کسی بھی واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی نے ہفتہ کی شام میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سختی سے کہا تھا کہ ہندوستان پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کا سخت جواب دے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل گھئی نے کہا کہ پیر کی بات چیت "طویل مدت میں اس مفاہمت کو برقرار رکھنے کے طریقوں” پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد کی جائے گی۔
یواین آئی