منگل, مئی ۶, ۲۰۲۵
26.2 C
Srinagar

پہلگام قصورواروں کو پکڑنے کے دوران تھوڑا خبر دار رہنے کی ضرورت ہے: عمر عبداللہ

سری نگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے قصورواروں کو پکڑنے کے دوران یہ دیکھا جانا چاہئے کہ کہیں بے گناہ لوگ اس کی لپیٹ میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا: اس میں تھوڑا خبر دار رہنے کی ضرورت ہے’۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ”حالات جو ہیں وہ ہم سب کو معلوم ہیں ان سے ہم آنکھیں بند نہیں کرسکتے ہیں، لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کہیں پہلگام حملے کے قصور واروں کو پکڑنے کے دوران بے گناہ لوگ اس کی لپیٹ میں نہ آئیں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ایسا نہیں لگنا چاہئے کہ کچھ لوگوں کو پکڑنے کے لئے تمام جموں وکشمیر کے لوگوں کو پکڑنے کا کام کیا جا رہا ہے، اس میں تھوڑا سا خبر دار رہنے کی ضرورت ہے، ہم نے یہ بات پہنچائی ہے’۔

کولگام واقعے کے بارے میں عمر عبداللہ نے کہا: ‘کولگام میں جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا، جگہ جگہ سے پکڑ دھکڑ کی خبریں آ رہی ہیں، جموں وکشمیر خاص کر کشمیر کے لوگوں نے پہلی بار یہاں کسی حملے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے’۔

مرکزی وزرات داخلہ کی طرف سے دفاعی مشقوں کے حکم کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘میں وزارت داخلہ میں کام نہیں کرتا ہوں، میں جموں وکشمیر حکومت میں کام کرتا ہوں، یہ سوال ان ہی سے پوچھا جانا چاہئے’۔

جھیل ڈل میں ایس ڈی آر ایف کی جانب سے موک ڈرل کے انعقاد کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کا پہلگام حملے یا دفاعی مشقوں کے حکم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا: ‘در اصل گذشتہ روز جائزہ میٹنگ کے دوران یہ بات آئی تھی کہ گذشتہ دنوں سے اچانک تیز ہوائیں چلتی ہیں اور پچھلے دنوں ڈل میں دو شکارے بھی ڈوب گئے’

ان کا کہنا تھا: ‘اس ضمن میں ایس ڈی آر ایف سے کہا گیا کہ وہ اپنی ٹیمیں تعینات رکھیں تاکہ آئندہ ایسے حادثے پیش نہ آئیں ‘۔

Popular Categories

spot_imgspot_img