پیر, اپریل ۲۸, ۲۰۲۵
26.2 C
Srinagar

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 43 فلسطینیوں کی موت

غزہ : غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 43 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بسل نے اتوار کو چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ پٹی میں خان یونس کے شمال مغرب میں واقع حماد قصبے کے قریب بے گھر افراد کے لیے بنائے گئے ایک خیمے پر حملہ کیا جس میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں وسطی غزہ میں دیر البلاح میں پانچ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی غزہ پٹی میں نصرت اور بوریج پناہ گزین کیمپوں کے داخلی راستے کے قریب ایک کیفے پر اسرائیلی فضائی حملے میں چھ افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔

مسٹر بسل نے کہا کہ وسطی غزہ پٹی کے قصبے الجویدہ میں بچوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم چار بچے مارے گئے۔ غزہ شہر کے شمال مشرق میں واقع تفح محلے میں فلسطینیوں کے ایک اجتماع کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا جس میں تین بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ مسٹر بسل کے مطابق غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ، الزیتون اور الطفاح پڑوس میں کئی مکانات پر اسرائیلی فضائی اور توپخانے کے حملوں میں کم از کم 12 فلسطینی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے ابھی تک ان واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل، غزہ میں صحت کے افسران نے اتوار کے روز بتایا تھا کہ 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے غزہ میں دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے کم از کم 2,151 فلسطینی ہلاک اور 5,598 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ اس سے اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں ہلاکتوں کی کل تعداد 52,243 ہو گئی ہے، جب کہ 117,639 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img